اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان اور سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور میں تنازع ختم ہو گیا اور گرانٹ فلاور نے یونس خان سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے یونس خان سے رابطہ کرکے ان سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ میرے بیان کو بھارتی میڈیا نے سنسنی خیز بنایا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں گرانٹ فلاور نے ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران یونس خان نے ان کے گلے پر چھری رکھ دی تھی۔گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ وہ برسبین ٹیسٹ میچ میں ناشتے کے وقت یونس خان کو بیٹنگ پر مشورہ دے رہے تھے لیکن وہ میرا مشورہ لینا نہیں چاہ رہے تھے اور انہوں نے میرے گلے پر چھری رکھ دی تھی۔گرانٹ فلاور کے الزام پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کو ردعمل دینے سے منع کر رکھا تھا۔