لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہفتہ کے روز میانوالی کرکٹ سٹیڈیم اور تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا، کام کی رفتار اور دونوں ترقیاتی منصوبوں کے کام کا معیار چیک کیا اور متعلقہ افسران کو منصوبے جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے ستمبر کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے
اس موقع پر ڈویڑنل سپورٹس آفیسر سرگودھا منظر فرید شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ روف باجوہ،ڈی پی ڈی نارتھ پی ایم یو اعزاز شیرازی ودیگر بھی موجودتھے ڈی پی ڈی نارتھ اعزاز شیرازی نے منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے سپورٹس وڑن کے مطابق سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
پنجاب کے دور دراز کے علاقوں میں پہلی بار جدیدترین سپورٹس کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں سپورٹس کمپلیکس اور سٹیڈیم بنائے جا رہے ہیں سپورٹس پر ہر شہری کا برابر حق ہے لہٰذا افسران ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپورٹس منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں
تاکہ کھلاڑیوں کو ان کی گھروں کی دہلیز پر سہولیات میسر ہوں اور وہ ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے عیسی خیل کا دورہ بھی کیا اور تحصیل سپورٹس کمپلیکس کی جگہ کا معائنہ کیا۔