پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کرکٹ بورڈ کے 7 رکنی وفد نے گزشتہ روز ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کی قیادت میں حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں واقع کرکٹ گراؤنڈ پشاور کا دورہ کیا ان کے ہمراہ جی ایم ڈومیسٹک اسد ضیاء ‘ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کرنل آصف محمود ‘سینئر جنرل منیجر ایڈمن اسد مصطفیٰ‘جی ایم ایڈمن و ایچ آر کرنل اشفاق احمد‘میڈیا منیجر شکیل احمد‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا اسفندیار خان خٹک‘ماہر کرکٹ میربشر خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمت اﷲ مروت ‘ایڈمنسٹریٹر جعفر شاہ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں‘وفد نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ گراؤنڈ‘جم‘کرکٹ اکیڈمی ‘وکٹیں ‘وارم اپ گراؤنڈ سمیت دیگر مقامات دیکھے اور گراؤنڈ کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خان خٹک کو تجاویز پیش کیں
گراؤنڈ میں سیکورٹی سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی‘وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک نے میڈیا کو بھی بریفنگ دی‘ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں‘انہوں نے کہا کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا تھا اور اب ہماری درخواست پر پی سی بی ماہرین کا وفد حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے کرکٹ گراؤنڈ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور اس میں مزید سہولتوں کے بارے میں تجاویز پیش کی ہیں جن پر عمل درآمد کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کرکٹ گراؤنڈ کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے
اس میں جن جن تبدیلیوں اور اس میں جن سہولتوں میں اضافے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے وہ جائیں گی ہماری یہ کوشش ہوگی کہ پشاور میں اگر ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم وقت پر مکمل نہیں ہوتا تو حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچ کرا کے پشاوراور خیبرپختونخوا بھر کے عوام کو تحفہ دیں جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے اور وہ شبانہ روز کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے لئے مزید چار سو ملین اور اب حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے پانچ سو ملین روپے کی منظوری دی ہے اور دونوں منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے بتایا کہ وفد کو حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے
اس کے ساتھ ساتھ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں کام زور و شور سے جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ دونوں منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں تا کہ پشاور میں باآسانی انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کا انعقاد کیا جاسکے ‘ انہوں نے بتایا کہ کالام میں بھی بہترین کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تا کہ پر فضاء مقام پر کرکٹ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں کالام میں کرکٹ سٹیڈیم مکمل ہونے پر ہماری مینز و ویمنز ٹیمیں وہاں پریکٹس میچز کیساتھ کیساتھ گرمیوں کے موسم میں تربیتی کیمپ جاری رکھ سکیں گی ۔