اسلام آباد (نواز گوہر سے) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ میڈلز لانے والی فیڈریشنز کے فنڈز میں اضافہ کرینگے،کچھ فیڈریشنز کو خود مختار بنانا ہوگا ،وزیر اعظم نے کھیلوں کی فیڈریشنز کا اجلاس بلا رکھا ہے جس میں اس بات کا فیصلہ ہوگا ، ہاکی کو اسلام آباد میں منتقل کر رہے ہیں جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ جب تک نیشنل ہاکی سنٹرز قائم کرکے بچوں کو تربیت کیساتھ ساتھ ان کو تعلیم اور ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی نہیں بنائینگے اس وقت تک ہاکی کا کھیل ترقی سے ہمکنار نہیں ہو سکتا۔قومی اسمبلی کی بین الصوبائی رابطہ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئر مین عبد القہار خان ودان کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا ،اجلاس میں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ ،اراکین اسمبلی طاہرہ بخاری،رانا محمد حیات خان، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو ،ڈاکٹر رمیش کمار،سراج محمد خان،سردار شفقت حیات خان،مجاہد علی ،صبحیہ نذیر اور انجینئر محمد عثمان بادینی کے علاوہ سیکرٹری آئی پی سی سید محمد ابو احمد عاکف اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے شرکت کی۔ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ اسلام آباد میں نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم کیساتھ دوسرا ہاکی گراونڈ بنا رہے ہیں اور دونوں میں آسٹروٹرف لگائینگے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کو خودمختار فیڈریشن بنانا چاہتے ہیں جبکہ ہاکی اکیڈمی کو بھی اسلام آباد میں شفٹ کر رہے ہیں اور اب ہاکی کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد ہی میں لگے گا۔ہاکی کے کھیل کی ترقی کیلئے ہر وقت تیار ہیں،اس حوالے سے وزیر اعظم سے بھی بات کرینگے۔ورلڈن الیون کی پاکستان آمد پر ہماری انڈر۔19کی ٹیم نے مقابلہ کیا ،کشتی،کبڈی ،باکسنگ اور ویٹ لفٹنگ سے میڈلز آ رہے ہیں ،ہمیں میڈلز دینے والی چھ،سات فیڈریشنز کو ٹارگٹ کرکے ان کے فنڈز میں اضافہ کرنا ہوگا،وزیراعظم کی فیڈریشنزحکام سے ملاقات کے دوران ان ایشوز پر بات ہوگی جبکہ اب وفاقی دارالحکومت میں ڈیوس کپ ٹائی ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہاوسنگ سوسائٹی میں گراونڈ ہونا چاہیئے اور انٹر سکولز ،کالجز اور یونورسٹیز کے مقابلوں کا دوبارہ آغاز ہونا چاہیئے۔