لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، وفد میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید شامل تھے، ملاقات میں ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ اور پی ڈی پی ایم یو بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے پنجاب میں ہاکی کے درجنوںگرائونڈز بنائے ہیں
مختلف شہروں میں نئی گرائونڈز بنا رہے ہیں اور نئی آسٹروٹرف بچھا رہے ہیں، ڈیرہ غازی خان میں ہاکی کا نیا سٹیڈیم تعمیر کیا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ہاکی کے فروغ کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مکمل تعاون کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لئے جدید انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں
جدید سہولیات کی فراہمی سے نوجوان سپورٹس کی جانب زیادہ سے زیادہ آئیں گے جس سے ان کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کیلئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی خدمات قابل تحسین ہیں
سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہاکی میں کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب سے مل کر نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا، جدید سہولیات کی فراہمی سے نئے کھلاڑی ہاکی کی جانب آئیں گے۔