کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ابرار احمد کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کو 163 رنز سے ہرادیا۔ 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 101رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کے پی کے صرف 3 بلے باز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے ابرار احمد نے میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عامر علی نے 5 اور شاہنواز دھنی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے تھے۔ جواب میں کے پی کی ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔131 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی پوری ٹیم 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا گیا تین روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔میچ کےآخری روز سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم وہ میچ کے اختتام پر 43 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔ عرفان خان نیازی نے 60 اورعمران ڈوگر نے 49 رنز بنائے۔پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے اسپنر رضا حسن نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 116 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 98 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کے 128 رنز کے جواب میں 244 رنز بنائے تھے۔
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ 118 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی رضامندی سے امپائرز نے میچ کو جلد ختم کردیا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواب میں اکبر الرحمٰن کی سنچری کی بدولت بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے۔