کراچی : ہنڈا اٹلس پاور پروڈکٹ کے تعاون سے صدیق میمن اسپورٹس کمپلیکس گلستان اسکائوٹس سینٹر، گلشن اقبال کراچی میں جاری الصغیر سیون اے سائیڈ سپر ہاکی میں شمس الزماں اور جہانگیر خان سیونرز کی ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے ، فائنل جمعہ 25 دسمبر کو شام چار بجے کھیلا جائے گا، ہنڈا اٹلس پاور پروڈکٹ کے سی ای او تیروکی ہٹانو مہمان خصوصی ہونگے جبکہ مہمان خصوصی اپنے مشیر امتیاز احمد شیخ کے ہمراہ انعامات بھی تقسیم کرینگے. گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں شمس الزماں سیونرز نے باآسانی عارف اشرف سیونرز کو ایک کے مقابلے میں چھے گول سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے بابر سعادات، محمد ریحان الرحمن نے اور ٹیم کے کپتان زاہد غفار نے دو، دو گول اسکور کئے شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول میچ کے آخری لمحات میں شوذب رضا نے بنایا،
دوسرے سیمی فائنل میں جہانگیر خان سیونرز نے مطلوب بیگ سیونرز کو 6-4 سے ہرادیا، فاتح ٹیم کی جانب سے سعد ظہیر نے تین، حسنین سولنگی،. فیصل جاوید اور محمد سمیر نے ایک، ایک گول اسکور کیا، مطلوب بیگ کی جانب سے سمیع اللہ نے تین اور سلمان خورشید نے ایک گول اسکور کیا. سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قائمقام اسپورٹس کنونئیر قاضی نصر عباس پہلے سیمی فائنل کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ دوسرے سیمی فائنل کے مہمان خصوصی مرزا اسلم بیگ تھے مہمان خصوصی کا ٹیموں سے تعارف کروایا گیا، اس موقع پر جناح گورنمنٹ کالج کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن وسیم ماجد، عبدالباسط، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے جاوید اقبال بیگ اور دیگر بھی موجود تھے. الصغیر سپر ہاکی لیگ کا فائنل جمعہ 25 دسمبر کو چار بجے کھیلا جائیگا. اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں عارف اشرف اور مطلوب بیگ سیونرز کی ٹیمیں تین بجے نبرد آزما ہونگیں.