مائونٹ منگنوئی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہےکہ ماؤنٹ مانگانوئی ٹیسٹ میں اب پچ پر بیٹسمینوں کے لیے شاٹ کھیلنا مشکل ہو چکا ہے لیکن کوشش یہی ہے کہ سیٹ ہونے کے بعد جتنا لمبا کھیلا جاسکے کھیلیں۔اظہر علی نےکہا کہ ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بیٹنگ کرنا چیلنجنگ ہوتا ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ لمبی پارٹنر شپ لگائیں لیکن پچ بالکل اب ویسی ہو گئی ہے جیسے ایشیا میں پانچویں روز ہوتی ہے، اس پچ پر اسپنرز کو زیادہ باؤنس ملتا ہے اور پانچویں روز بھی مزید ملے گا لیکن نیوزی لینڈ نے اب تک فاسٹ بولنگ پر انحصار کیا ہوا ہے۔
قومی کرکٹر کاکہنا تھا کہ بیٹسمینوں کے لیے شاٹ کھیلنا مشکل ہو چکا ہے، کوشش یہی ہے کہ سیٹ ہونے کے بعد جتنا لمبا کھیلا جاسکے کھیلیں، کوشش کریں گے کہ میں اور فواد عالم اپنی پارٹنر شپ کو لمبا لے کر جائیں کیونکہ پچ ایسی ہے کہ اگر آپ سیٹ ہو جائیں تو پورا دن بھی کھیل سکتے ہیں۔اظہر علی نے کل کے پہلے سیشن کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تین وکٹیں گر چکی ہوں تو دباؤ ہوتا ہے، اس صورتحال میں پازیٹو رہنے کی کوشش کی جاتی ہے، ہمارا پلان یہی ہے کہ جو بیٹسمین سیٹ ہوجائے وہ اس پچ پر زیادہ وقت گزاریں۔
سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر کے ان فٹ ہونے کے باوجود کھیلنے کی تعریف کی اور کہا کہ نیل ویگنر نے ہم سب کے لیے ایک مثال قائم کی ہے، انجری کے باوجود کھیلنے پر ہم نیل ویگنر کی بہت عزت کرتے ہیں، دوسری اننگز سے پہلے وارم اپ کے دوران لگا وہ نہیں کھیلیں گے لیکن وہ پاؤں میں فریکچر کے باوجود میچ کھیل رہے ہیں جو قابل ستائش ہے، نیل ویگنر نے یہ ثابت کردیا کہ اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔واضح رہےکہ پاکستان کرکٹ ٹیم ماؤنٹ مانگانوئی ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف مشکلات سے دوچار ہے، قومی ٹیم کی تین وکٹیں گر چکی ہیں اور اس نے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 71 رنز بنائے ہیں جب کہ سابق کپتان اظہر علی اود فواد عالم کریز پر موجود ہیں۔