کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگرعہدیداروں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان کی جانب سے نجی ٹی وی پروگرام میں پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس کے خلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔کراچی پریس کلب سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وسیم خان کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے،ایک ذمہ دارانہ عہدے پر فائز ہوتے ہوئے اس قسم کے بیانات کسی بھی طور مناسب نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وسیم خان صحافیوں کے خلاف ہتک آمیر الفاظ استعمال کرنے سے قبل یہ بتانا پسند کریں گے کہ ملک بھر کے کرکٹ آرگنائزر کی زبانیں کیوں چپ کروادی گئیں؟ کلب کرکٹ کو کس طرح سے یرغمال بنادیا گیا ہے؟ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیوں گھر کی لونڈی بنادیا گیا ہے؟۔کراچی پریس کلب کے صدراور سیکرٹری نے وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وسیم خان کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے اور برطانوی شہریت رکھنے والے کی بجائے کسی پاکستانی کو ایم ڈی کے عہدے پرتعینات کیا جائے۔انہوں نے وسیم خان سے فوری طور پر اسپورٹس جرنلسٹس سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔