لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل پنجاب اور ناردرن کے چیف ایگزیکٹوز کا تقرر کردیا ہے۔
11 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عبداللہ خرم نیازی کو سینٹر ل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیف ایگزیکٹو تعینات کردیا گیا ہے۔وہ ایک کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے انتظامی امور نمٹانے کا بھی تجربہ رکھتے ہیں۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے اکانومکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔ وہ پبلک سیکٹر میں 11 سالہ ملازمت کا تجربہ رکھتے ہیں۔سرکاری ملازمت سنبھالنے سے قبل انہوں نے 2 سال نجی اداروں میں بھی ملازمت کر رکھی ہے۔
اُدھر نجیب صادق کو ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیف ایگزیکٹو مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ انفارمیشن سائنسز اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کرچکے ہیں۔ پشاور یونیورسٹی سے ایم بی اے مکمل کرنے والے نجیب صادق نے یونیورسٹی آف لندن سے انفارمیشن سائنسز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ ایک معروف ٹیلی کیمونیکشن کمپنی، زیڈ ٹی ای کارپوریشن، میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔
یہ دونوں تقرریاں تین سال کے لیے کی گئی ہیں۔ ان عہدوں پر تقرری کا عمل اپریل میں شروع ہوا تھا۔ ان آسامیوں پر تعینات دونوں عہدیداران کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ روزمرہ امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ایک مخصوص حکمت عملی بنائیں، گراس روٹ کی سطح پر ایک مکمل نیٹ ورک بنائیں، کھیل کے فروغ اور اس کی پذیرائی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں، سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماتحت کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کی نگرانی کریں اور متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشن میں کرکٹ کے ایونٹس کا انعقاد اور اس کی نگرانی کریں۔
28 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی بی او جی کے 61ویں اجلاس میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کی تعیناتی کی روشنی میں ان دونوں آسامیوں پر تقرری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
عبداللہ خرم نیازی، چیف ایگزیکٹو سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن:
عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ وہ سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کرکٹ کے لیے پرجوش رہتے ہیں، سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں اس عہدے پر تقرری سے انہیں نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت اپنے ملک کی ترقی اور فروغ میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع مل رہا ہے۔
چیف ایگزیکٹو سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کا ایک مضبوط نظام رائج کرنے کے عزم کے ساتھ اس عہدے پر کام کرنے آئے ہیں،وہ کمیونٹی کو اس نظام میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ ایج گروپ کرکٹ کے فروغ کے لیے کرکٹ اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایک رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سینٹرل پنجاب میں ایک خودمختار کرکٹ ماڈل قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں کلب، کمیونٹی کلب اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سطح پر ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو۔
عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ وہ سینٹرل پنجاب میں شفافیت اور کارپوریٹ گورننس پر مبنی نظام نافذ کریں گےتاکہ معاشی اور مادی وسائل کا استعمال بہترین انداز سے کیا جاسکے۔
نجیب صادق، چیف ایگزیکٹو ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن:
نجیب صادق کا کہنا ہے کہ وہ پوری دنیا میں کرکٹ کھیلنےاور بعدازاں متعدد ملٹی نیشنل اداروں میں قائدانہ ذمہ داریاں نبھانے کی وجہ سے خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں تاہم اس سے بڑی خوشی کی بات اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ انہیں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ناردرن میں گراس روٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ اس ریجن سے بخوبی واقف ہیں۔
چیف ایگزیکٹو ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری انہیں ایک ایسے کھیل کی ترقی اور پذیرائی کا موقع فراہم کررہی ہے کہ جس سے وہ ہمیشہ سے محبت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے چیئرمین سلیم اصغر میاں کی سربراہی میں کام کرنے کے منتظر ہیں، جو نہ صرف ایک کامیاب کرکٹر بلکہ ایک بہترین بیوروکریٹ بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ناردرن کو پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی نرسری کی حیثیت سے تیارکرنا ان کا ہدف ہے، کرکٹ کے میدانوں کے بغیر کرکٹرز پیدا نہیں کیےجاسکتے اور جتنے ہی اچھے کھیل کے میدان ہوں گے اتنے ہی اعلیٰ کرکٹرز سامنے آنے کی امید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ناردرن میں زیادہ سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے گراؤنڈز اور ریجنل سطح پر مضبوط انفراسٹرکچر قائم کرنا چاہتے ہیں۔
نجیب صادق کا کہنا ہے کہ وہ فرسٹ بورڈ میں شامل دو ٹیسٹ کرکٹرز کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر اپنےان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں گے، وہ شہروں میں موجود کرکٹ سینٹرز پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ، پسماندہ علاقوں اور بلند و بالا پہاڑوں پر بھی کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں شفافیت، میرٹ اور احتساب کو ترجیح دی جائے گی، یہاں ایک ایسا ماحول قائم کیا جائے گا جہاں ایمانداری، محنت اور خود اعتمادی کو فروغ ملے گا۔
نجیب صادق نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں اور کھیل سے جڑے دیگر افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔
دونوں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سربراہان نے چیف ایگزیکٹوز کو خوش آمدید کہا ہے اور کھیل کی ترقی کے لیےمکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عبداللہ خان سنبل، چیئرمین سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن:
چیئرمین سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عبداللہ خرم نیازی کی بحیثیت چیف ایگزیکٹو تقرری پر وہ بہت خوش ہیں، وہ کھیل کےعلم کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی سیکٹر میں انتظامی امور نمٹانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عبداللہ خرم نیازی کا یہ تجربہ سینٹرل پنجاب کے لیے مفید اور مؤثر ثابت ہوگا، ہماری ٹیم کھیل میں دلچسپی اور لگاؤ رکھنے والے افراد پر مشتمل ہے اوراب اس میں عبداللہ خرم نیازی کا اضافہ خوش آئند ہے۔
عبداللہ خان سنبل کا کہناہے کہ سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن عوام میں کھیل کی پذیرائی کے لیے ہمہ وقت کوشش کرتی رہے گی، اس ضمن میں سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا فرسٹ بورڈ اپنے چیف ایگزیکٹو کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
سلیم اصغر میاں، چیئرمین ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن:
سلیم اصغر میاں کا کہنا ہے کہ وہ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک نجیب صادق کو ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں خوش آمدید کہتے ہیں، وہ بزنس منیجمنٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں جو ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کو ایک مضبوط اور مؤثر تنظیم بنانے میں مدد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نجیب صادق کو فرسٹ بورڈ کی مکمل حمایت حاصل ہوگی،امید ہے کہ ہم مل کر ناردرن ہی نہیں بلکہ ملک میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔
باقی ماندہ چاروں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے چیف ایگزیکٹوز کی تقرری مناسب وقت پر کردی جائے گی۔