دنیائے کرکٹ کے عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کو بچھڑے دو سال بیت گئے، لیکن لیجنڈری بولر کی جادوئی لیگ اسپن بولنگ اور بیباک تبصروں کو نہیں بھلایا جا سکتا۔
دنیائے کرکٹ میں اسپن باؤلنگ کو بلندیوں پر پہنچانے والے لیگ اسپنر عبدالقادر کی آج دوسری برسی ہے، عبدالقادر 6 ستمبر 2019 کو حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث 64 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے 67 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، 236 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، 104 ون ڈے میچز میں 132 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 209 فرسٹ کلاس میچوں میں انہوں نے 960 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شین وارن سمیت دنیا کے نامور لیگ اسپنرز بھی عبدالقادر کی صلاحیتوں کے معترف رہے، بلکہ ان سے ٹپس بھی حاصل کیں۔
عبدالقادر کے چار بیٹوں میں سے عثمان قادر کو انٹرنیشنل کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا، ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل عبدالقادر کے داماد ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست عبدالقادر کی وفات کو دو برس بیت گئے لیکن حکومتی وعدوں کے باوجود ان کے گھر کے سامنے روڈ اور اسپورٹس کمپلیکس کو اب تک ان کے نام سے منسوب نہیں کیا جا سکا۔