پشاور( سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمامخیبرپختونخواہ میں ہاکی کے فروغ کیلئے شروع کی جانیوالی پہلی مرتبہ کے پی نیشنل ہاکی لیگ تیس ستمبر کے بجائے اب چار اکتوبر کو شروع ہوگی جو کہ صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف پر کھیلی جائیگی آٹھ مختلف ٹیمیں ان میں حصہ لینگی جن میں قبائلی علاقو ں سے تعلق رکھنے والی ٹیم بھی حصہ لینگی جنہیں مختلف فرنچائز نے خرید لیا ہے. لیگ کی مقابلوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ڈائریکٹریٹ اسفندیار خٹک کا کہنا ہے کہ فرنچائز کے مالکان اپنی ٹیموں کی مزید پریکٹس چاہتے ہیں تاکہ ان کے کھلاڑی مزید کھیل سکیں اور ان کے کھیل میں بہتری آئے اسی وجہ سے اب یہ لیگ تیس ستمبر کے بجائے چار اکتوبر سے شروع ہوگی جو کہ چودہ اکتوبر تک جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی یہ پہلی کاوش ہے جس کا رسپانس بہت اچھا ہے اور اسے مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ لیگ کے تحت میچز صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف پر کھیلے جائیں گے جن میں ڈی آئی خان ، بنوں ، کوہاٹ ، پشاور ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ ، خوراک ، رہائش، کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اُنہوںنے بتایا کہ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات کے علاوہ ٹرافی سیٹس ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے ۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے جبکہ تیسر ی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعامات دیئے جائیں گے ۔
‘ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کا آغاز چار اکتوبرسے شروع ہوگا پہلا میچ پشاور اور بنوں کی ٹیموں کے درمیان پشاور میں ہوگا مجموعی طور پر لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں ایک ٹیم ضم شدہ اضلاع کی ہوگی ان ٹیموں میں پشاور فالکن’ملاکنڈ ٹائیگرز ‘ڈی آئی خان سٹالینز ‘کوہاٹ ایگلز’ہزارہ وارئیرز ‘بنوں پینتھرز ‘مردان بیئرز اور ٹرائبل لائنز شامل ہیں’ان میں ہر ٹیم میں دو پاکستان کے انٹرنیشنل سینئر اور دو جونیئر کھلاڑی شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی لوکل ہوں گے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل پلیئرز کیساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔