پشاور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونیوالے انٹر ڈگری کالجز سپورٹس فیسٹیول میں فٹبال ٹرافی جیتنے والی گورنمنٹ کالج یکہ غنڈ کی ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے احاطے میں کیا گیا اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن دائود خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق’ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم’صدر سپورٹس کمیٹی پشاور یونیورسٹی پروفیسر نصیر خٹک’پرنسپل گورنمنٹ کالج یکہ غنڈ پروفیسر ایوب خان ‘ڈائریکٹر سپورٹس ارشید حسین ‘ڈائریکٹر سپورٹس صفدر حسین سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں’کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن دائود خان سے تعارف کرایا گیاجس کے بعد ونر ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی گئی’اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن دائود خان نے کہا کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں صرف مواقع اور سہولتیں ملنے کی بات ہے انہوں نے گورنمنٹ کالج یکہ غنڈ کے کھلاڑیوں کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سہولتیں نہ ہونے کے باوجود بہترین کھیل سے ٹرافی اپنے نام کی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں کھیلوں کی سہولتوں کا جال بچھا رہی ہے اور اس سلسلے میں اربوں کے منصوبے جاری ہیں جس سے کھلاڑیوں کو بھرپور فوائد حاصل ہوں گے اور سہولتیں انہیں ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان خود تمام منصوبوں کی نگرانی کررہے ہیں اور کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سپورٹس مین ہیں اور جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی وہ وہاں موجودرہیں گے اور ہر قسم کے لئے تعاون کے لئے تیار رہیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے’انہوں نے طلباء پرزور دیا کہ وہ پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی ضرور حصہ لیں اس سے ان کی کردار سازی میں بھرپور مدد ملتی ہے سپورٹس ہمیں بہت کچھ سکھاتی ہے جس سے شخصیت میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے دوسرا ہم جسمانی اور ذہنی طور پر بھی تندرست رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھیلوں کی بہتری کے لئے میگا پراجیکٹس بھی شروع کررکھے ہیں تاہم اس میں کچھ وقت ضرور لگے گا دوسرا چیمپئن راتوں رات پیدا نہیں ہوتے اس کے لئے وقت درکار ہوتا ہے
انہوں نے کہا کہ گراس روٹ کی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے اب حکومت نے اس طرف بھی توجہ دی ہے اور انٹر سکولز مقابلے بھی شروع ہورہے ہیں جس سے ہمیں اچھے کھلاڑی میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح کے بعد اب یونین کونسل کی سطح پر بھی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس سے مزیداچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ کھیلوں کے فروغ وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم نے ٹیم کومبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ادریس احمد کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور ا ن کی سپورٹ کی بدولت ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام بھرپور سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔