پشاور( سپورٹس رپورٹر)سوا ت کی حسین وادی کالام کی شاہی گروانڈ میں سجنے والا تین روزہ سنواینڈ سپورٹس فیسٹول اپنی تمام تررعنائیوں ،دلکشی کھلاڑیوں اورفنکاروں کی جاندارو شاندارپرفارمنس کے بعد بخیروخوبی اختتام پذیر ہوگیا۔فیسٹول کے تیسرے روز کراٹے،جوجتسو،روایتی کھیل انگور گوشی کے فائنل مقابلوں کے علاوہ ملک بھرسے آئے ہوئے سیاحوں کے لیے موسیقی ،آتش بازی ،اوربچوں کے لیے مختلف مقابلوں نے جنگل میں منگل جیساسماں باندھ دیاتھاایونٹ کے تیسرے روزڈپٹی کمشنر سوات جنید خان مہماں خصوصی تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر یوتھ سلیم جان ایڈیشنل سیکرٹری تاشفین حیدر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض خان ، اے سی کالام ہدایت اللہ، ریجنل سپورٹس آفیسر ملاکنڈکاشف فرحان ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر فرہادعلی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔
تین روزہ کالام سنواینڈ سپورٹس فیسٹول میںسنوکبڈی ‘چک بال ،کراٹے ،تائیکوانڈو’سنو رسہ کشی’روایتی انگور گوشی’رگبی’جوجیٹسو کے مقابلے شامل تھے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس سوات کے زیر اہتمام کالام ونٹرسنو سپورٹس فیسٹیول میں کراٹے کے مقابلوں میں پشاور نے 35 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، مردان نے 25 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور سوات نے تیسری پوزیشن حاصل کی ، اسی طرح جوجتسیو مارشل آرٹ مقابلوں میں بھی پشاورنے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گولڈ ، تین سلور میڈلز جیت کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سوات نے ایک گولڈ ایک سلور اور تین برائونز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی
فیسٹول میں تھروبال کے فائنل میچ میں نوشہرہ نے پشاور کو پندرہ بارہ گیارہ پندرہ اور پندرہ دس سے شکست دیکر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی ، چک بال فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہزارہ ڈویژن نے بنوں کو 19-17 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، سہ کشی مقابلوں میں کالام ٹیم نے دروش کو سخت مقابلے کے بعد تین ایک سے شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا ،ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے کہا ہے کہ کالام سنو فیسٹیول نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کو سوات اورمالاکنڈ ڈویژن کیدیگر اضلاع کے حسین اور دلکش مقامات کی جانب راغب کرے گا،
انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے بعد دیگر ایونٹس بھی منعقد کرائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جاسکے مالم جبہ سکی پوائنٹ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے دلچسپی رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں سنو ٹیوبنگ، آئس سکیٹنگ،، کنسرٹ، آتش بازی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے مالم جبہ ونٹر سپورٹس اور ایڈونچر ٹورازم کا اہم مقام بن گیا ہے قدرتی حسن اور ثقافت کے باعث یہ مقام ملکی اور غیر سیاحوں کو راغب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ثقافت کی ترویج کے لئے روایتی کپڑوں، خوراک اور دستکاری کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں راغب کرنے کے لئے دیگر سہولیات کے علاوہ حکومت سیاحتی مقامات کو جانے والی تمام رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے اور اس قسم کے فیسٹیول مالم جبہ، گبین جبہ، مہو ڈھنڈ، اتھروڑ، باڈگوئی، کمراٹ اور دیر بالا میں کرائے جائیں گے، سالانہ سرگرمیوں کے لئے یہ مقامات کیلنڈر میں شامل کئے گئے ہیں ملک بھر سے سیاحوں نے مختلف ایڈونچر سپورٹس بشمول لیپ آف فیتھ، زپ لائننگ اور راک کلائمنگ سے لطف اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحتی مقامات کو جانے والے انفراسٹرکچر کو تعمیر کر رہی ہے سیاحت سے نہ صرف مقامی معیشت اور روزگار کو فروغ ملا ہے بلکہ سیاحت کے نئے مقامات کو بھی تلاش کیا گیا ہے ۔ جنید خان نے کہا کہ سکیینگ، سپیڈ سکیٹنگ، آئس ہاکی سمیت دیگر مقابلے بھی سالانہ فیسٹیول میں منعقد کئے جائیں گے، رواں سال کو سیاحت کے لئے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔