پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل رائونڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر شاپنگ کا شوق پورا کرتی ہوں، سال بھر کرکٹ کٹ میں رہتی ہوں، زیادہ خریداری نہیں ہوسکتی تو پھر عید پر ڈھیروں شاپنگ کرتی ہوں اور شلوار قمیص پہنتی ہوں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ ریاض نے کہا کہ میں شلوار قمیص، جوتے اور جیولری ضرور خریدتی ہوں، کھیل نے مصروف رکھا ہوتا ہے اور خریداری کا موقع نہیں ملتا اور زیادہ شلوار قمیص بھی نہیں پہن سکتی لیکن میں عید کے موقع پر یہ شوق ضرور پورا کرتی ہوں۔عالیہ ریاض نے کہا کہ پہلے کزن اور سہیلیوں کے ساتھ خوب انجوائے ہوتا تھا، اب سب مصروف ہو گئے ہیں، ایک دوسرے کے لیے وقت ہی نہیں ملتا لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ جب میں پاکستان میں ہوں تو عید کے موقع پر رشتہ داروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاروں۔انہوں نے بتایا کہ میں تو اب بھی اس انتظار میں ہوتی ہوں کہ کوئی مجھے عیدی دے لیکن عیدی اب نہیں ملتی، بلکہ عیدی دینا پڑتی ہے، میں اپنی بہن کے بچوں کو عیدی دیتی ہوں کیونکہ مجھے یاد ہے کہ جب ہمیں خالہ سے عیدی ملا کرتی تھی تو ہم کتنا خوش ہوا کرتے تھے۔آل راونڈر کا کہنا ہے کہ مجھے کوکنگ کا کوئی شوق نہیں ہے ایک تو وقت نہیں ملتا اور دووسرا مجھے اس میں دلچسپی بھی نہیں ہے لیکن میں کھاتی پیتی شوق سے ہوں، مجھے کھانے کا بہت شوق ہے، میں اپنی پسند کے کھانے پکواتی ہوں اور عید پر شوق سے کھاتی ہوں۔