فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی، پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کردی گئیں،قومی ٹیموں پر انٹرنیشنل مقابلوں کے دروازے بھی کھل گئے، ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں ایک سال کی توسیع کردی گئی۔ اشفاق گروپ نے نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کرتے ہوئے فٹبال ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ کرلیا تھا جس پر فیفا نے سخت ایکشن لیتے ہوئے پاکستان کو معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر میں فٹبال کی سرگرمیاں بھی رک گئیں،قومی ٹیمیں انٹرنیشنل مقابلوں اور آفیشلز ایجوکیشن کورسز میں داخلے سے محروم ہوئے، طویل جدوجہد کے بعد حکومتی احکامات کے تحت فیفا ہاﺅس کا چارج نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کردیا گیا تھا، اب بیرونی مداخلت ختم ہونے کے بعد فیفا نے بھی پاکستان کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے معطلی ختم ہونے پر قوم اور فٹبال برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں، فیفا مینڈیٹ کے مطابق پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور فٹبال کی بحالی اولین ترجیح ہو گی، دستیاب وقت میں پاکستان فٹبال کو درست سمت پر گامزن کرنے کی کوشش کرینگے۔