شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ): ملتان سلطانز کے صدر اشعر شون نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹیم کے تمام کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کو تیار ہیں۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے وکٹ کیپر کمار سنگاکارا بھی پاکستان آنے پر رضامند ہیں اور اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
خیال رہے کہ سنگاکارا ان سری لنکن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن پر لاہور میں 2009 پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد کرکٹز زخمی ہوگئے تھے۔
ٹورنامنٹ میں اب تک کی کارکردگی سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے مطمئن ہیں، ہماری ٹیم کے بڑے کھلاڑی پرفارم کررہے ہیں۔
ملتان سلطانز کے صدر کا کہنا تھا کہ کمار سنگاکارا نے لگاتار دو میچوں میں دو نصف سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں جبکہ شعیب ملک بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پورے ٹورنامنٹ کا سب سے مضبوط بولنگ لائن اپ ہے۔
اشعر شون کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ میں بھی 113 اسکور کرنے کے بعد بھی ہم نے ہار نہیں مانی اور اختتام تک مقابلہ کیا، ہم نے 63 پر اسلام آباد کے پانچ کھلاڑی آؤٹ کردیے تھے، ہماری فیلنڈنگ بھی زبردست رہی ہے، کریڈٹ وسیم اکرم اور ہیڈ کوچ ٹام موڈی کو جاتا ہے۔
لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، وہ گراس روٹ لیول پر پہلے ہی کام کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اپنا پلیئر ڈیویلپمنٹ پروگرام اپریل میں شروع ہورہا ہے جس کی نگرانی وسیم اکرم کریں گے۔
ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے دو میں کامیاب رہی۔