آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دیکر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، پاکستان کی جیت میں اہم کردار بابر اعظم کی اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا ، تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،نیوزی لینڈ کے اننگز کے آغاز پر شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر فِن ایلن کو 4 رنز پر پویلین لوٹایا جب کہ پاور پلے کے اختتام یعنی چھٹے اوور کی آخری گیند پر شاداب نے ڈیون کونوے کو شاندار رن آئوٹ کیا۔اس کے بعد محمد نواز نے گلین فلپس کو پویلین لوٹایا، جب کہ کپتان ولیمسن شاہین کا شکار بنے۔نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21، کین ولیمسن 46، گلین فلپس 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔اس کے علاوہ ڈیرل مچیل 53 اور جیمز نیشم 16 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور نواز نے 1 وکٹ حاصل کی جب کہ شاداب نے ایک رن آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ سات وکٹوں کے واضح فرق سے جیت لیا، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 57، بابر اعظم نے 53 اور محمد حارث نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ مچل سانٹر نے ایک وکٹ حاصل کی۔