آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان پندرہ، بابر اعظم 32، محمد حارث 8، شان مسعود 38، افتخار احمد 0، شاداب خان بیس، محمد نواز پانچ، محمد وسیم چار، شاہین آفریدی پانچ ناٹ آئوٹ اور حارث رئوف ایک رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے سام کرن نے تین، عادل رشید اور کرس جارڈن نے دو دو جبکہ بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا، انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے 52 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ جوز بٹلر نے چھبیس، ہیری بروک نے بیس جبکہ معین علی نے انیس رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔