آئرش ویمن کرکٹرز نے اگلے برس مارچ میں ویمنز لیگ کے لیے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔آئرش ویمن کرکٹ ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئی۔ آئرلینڈ کی کھلاڑی گیبی لوئس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارے لیے سب کچھ اچھا رہا، میں یہاں دوبارہ آ کر کھیلنا چاہوں گی۔
ٹی ٹونٹی پلئیر آف دی سیریز نے یہ بھی کہا کہ ویمنز لیگ کے لیے مجھے موقع ملا تو ضرور آؤں گی۔ایک اور آئرش کھلاڑی اورلا پینڈرگسٹ کا کہنا تھا کہ ویمنز لیگ میں کھیلنا ہمارے لیے ایک بڑا اچھا موقع ہوگا، میرے خیال میں جس کو بھی موقع ملا وہ کھلاڑی یہاں آکر ضرور کھیلے گی۔ایمپئیر رچرڈسن نے کہا کہ جتنی بھی کھلاڑی یہاں ہیں وہ موقع ملنے کے لیے پُرجوش ہیں، ہم سب سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔دوسری جانب پاکستانی خاتون کرکٹرز نے بھی ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا۔
وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کا کہنا تھا کہ ویمنز لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کا قابل ستائش اقدام ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں نے مجھ سے بات کی اور دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ فاسٹ بولر فاطمہ ثناء نے کہا کہ ویمنز لیگ ہمارے لیے ایک بہت اچھا موقع ہے۔ آل راؤنڈر جویریہ خان کا کہنا تھا کہ ویمنز لیگ سے ٹاپ ٹیموں اور ہمارے درمیان موجود گیپ ختم ہوگا۔