راولپنڈی میں ٹیلنٹ ہنٹ پراگرام کے تحت مختلف کھیلوں کے ٹرائلز مکمل ہوگئے، اب انٹرڈسٹرکٹ مقابلے ہونگے جن کے بعد راولپنڈی دویژن کی ٹیموں کاانتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے ڈی اوسپورٹس عبدالوحیدبابر کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی اورڈائریکٹرجنرل سپورٹس بورڈپنجاب طارق قریشی کی ہدایت پرشہبازشریف سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں آرچری، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، جمناسٹک، باکسنگ، جوڈو اورتائیکوانڈو کے ٹرائلزہوئے جن میں مختلف اکیڈمیوں اورسکولوں کے بچوں نے حصہ لیا۔ اب اتھلیٹکس، کرکٹ، فٹ بال اوروالی بال کے ٹرائلز کے بعد انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں کاآغازہوگا جبکہ 25جنوری تک راولپنڈی ڈویژن کی ٹیموں کاانتخاب کیاجائے گا جوصوبائی سطح پرمقابلوں میں حصہ لیں گی۔ یہ ٹرائلز صوبائی کوچز یاسمین اختر، محمداعجاز، شفقت نیازی اور ٹی ایس او عثمان شریف کی زیرنگرانی منعقدہوئے۔