پشاور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام اور صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سوڑیزئی پایان پشاور میں انٹر کلب کبڈی مقابلوں کا آغاز ہوگیا‘ افتتاحی میچ واحد گڑھی اور قدیم کلے کے درمیان مقابلہ ہوا جس کو دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی‘ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد قدیم کلے کی ٹیم نے35 کے مقابلے میں 37 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی‘ اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلطان بری تھے جبکہ آرگنائزنگ سیکرٹری ملنگ جان تھے
ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس جمشید بلوچ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس جمشید بلوچ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا روایتی کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے ہرممکن کوشش کررہا ہے اس سے قبل بنوں میں دو ٹورنامنٹ ہوئے اور پیر بالا پشاور میں ریسنگ کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے
ہماری کوشش ہوگی کہ خیبرپختونخوا کے جتنے بھی روایتی کھیل ہیں ان کو صحیح معنوں میں فروغ دیں اس موقع پر صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلطان بری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کبڈی ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس شانہ بشانہ کبڈی کے فروغ و ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہم پشاور میں کبڈی کی نیشنل چیمپئن شپ منعقد کرائیں‘ارمڑ اور بنات کلے کی ٹیموں کے درمیان بھی سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے فائنل آج منعقد ہوگا جس کے لئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔