ڈائنامائٹس نے پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ،
فائنل میں چیلنجرز کو 132 رنز سے شکست ۔سدرہ نواز کی سنچری
ڈائنامائٹس نے پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ فائنل میں اس نے چیلنجرز کو 132 رنز سے شکست دیدی۔
فائنل کی خاص بات ڈائنامائٹس کی سدرہ نواز کی ناقابل شکست سنچری اور نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ کی عمدہ بولنگ تھی۔
ڈائنامائٹس نے اس سے قبل 2018ء میں کھیلے گئے پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی چیلنجرز کو 190 رنز سے ہرایا تھا۔
ڈائنامائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے ۔ جواب میں چیلنجرز کی ٹیم 28 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 79 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل کا ٹاس ڈائنامائٹس کی کپتان سدرہ امین نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ڈائنامائٹس کی اننگز میں خدیجہ چشتی کے 10 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سدرہ امین اور سدرہ نواز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں52 رنز کا اضافہ کیا۔سدرہ امین چار چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد سدرہ نواز اور عالیہ ریاض تیسری وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں۔
عالیہ ریاض ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
سدرہ نواز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 112 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 103رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ان کی اننگز میں 13 چوکے شامل تھے۔
چیلنجرز کی طرف سے آف اسپنر نورین یعقوب نے 53 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں۔
چیلنجرز کی ٹیم 212 رنز کے تعاقب میں ابتدا ہی میں مشکل سے دوچار رہی ۔ پہلے ہی اوور میں فریحہ محمود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں ۔جویریہ رؤف 8 ۔ کپتان عمیمہ سہیل 10 اور کائنات حفیظ 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو اسکور چار وکٹوں پر صرف 54 رنز تھا۔
چیلنجرز کی بڑی امیدیں جویریہ خان سے وابستہ تھیں لیکن نشرہ سندھو نے انہیں 28 رنز پر آؤٹ کردیا۔ نشرہ سندھو نے میچ میں چوتھی وکٹ صائمہ ملک کو آؤٹ کرکے حاصل کی ۔ انہوں نے چار اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسطرح انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔
غلام فاطمہ نے بھی متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں محض5 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ کا اختتام 12 وکٹوں کی عمدہ پرفارمنس کے ساتھ کیا۔
سدرہ نواز اپنی سنچری کی وجہ سے پلیئر آف دی فائنل قرار پائیں جبکہ ڈائنامائٹس کی کپتان سدرہ امین ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 269 رنز اسکور کیے جن میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔
مختصر اسکور۔
ڈائنامائٹس 211 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 45 اوورز ) ۔ سدرہ نواز 103 ناٹ آؤٹ ۔ سدرہ امین 38 ۔ نورین یعقوب 53/2 وکٹ ۔
چیلنجرز 79 رنز آل آؤٹ ( 28 اعشاریہ 5 اوورز ) ۔ جویریہ خان 28 ۔نشرہ سندھو5/4 وکٹ۔غلام فاطمہ 5/3 وکٹ۔