پی ایس بی کے زیر اہتمام پشاور میں سپورٹس کورس کا انعقاد خوش آئند ہے ، شاہد شنواری
پشاور ( سپورٹس رپورٹر ) سابق نیشنل فٹ بالر اور خیبر پختو نخوا سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شنواری نے کہاہے
کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کا اہم رول ہے پی ایس بی کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا کھلاڑیوں و کوچز کیلئے تین روزہ سپورٹس کورس کا انعقاد ایک اچھا اقدام ہے
مستقبل میں آسکے بہتر ثمرات ملیں گے ۔ انشاء اللہ پاکستان میں انٹرنیشنل فٹبال لیگ منعقد کرینگے جسکے لئے جلد ہی ڈی جی پی ایس بی کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ پشاور کلب میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد سلام اور پی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور کے ڈائریکٹر عثمان کے اعزاز منعقدہ ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان ، قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ارشد خان ، ملک ہدایت الحق اور سینئر سپورٹس جرنلسٹ غنی الرحمن بھی موجود تھے ۔ شاہد شنواری نے کہاکہ انکی روز اول سے شعبہ کھیل سے دلی لگاؤ ہے اور خواہش رہی ہے
کہ پاکستان اور بالخصوص خیبر پختو نخوا میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہو اور مختلف کھیلوں میں گراس روٹس لیول پر بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے جو دنیا میں پاکستان کانام روشن کرسکے ۔ اس مقصد کیلئے پاکستان میں پاکستان سپورٹس بورڈ کا کردار بھی انتہائی اہم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس بی کے زیر اہتمام اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، کوئٹہ اور پشاور سپورٹس کورس کا انعقاد بہت ہی خوش آئند ہے یقیناً اس سے کھلاڑیوں اور کوچز کے استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل فٹبال لیگ کرانے کا ارادہ ہے
اور انشاء اللہ اس بار پاکستان سپورٹس بورڈ کیساتھ ملکر کام کرینگے جسکے لئے جلد ہی ڈی جی پی ایس بی سے ملاقات کرینگے ۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی شاہد سلام نے خیبر پختو نخوا سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد شنواری اور پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان کا شکریہ ادا کیا اور ملک میں فٹبال ، آرچری اور سافٹ بال کے فروغ میں ہر قسم تعاون کا یقین دلایا ۔