چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم جاپان سے ایک سنسنی خیز مقابلہ میں میچ ہارنے کے بعد سیمی فائینل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
جاپان نے پاکستان کو ایک سخت مقابلہ کے بعد دو کے مقابلہ میں تین گول سے شکست دیکر ایونٹ کے سیمی فائینل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سٹرائیکر ارشد لیاقت نے کھیل کے 5ویں منٹ میں فلیڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی
جوکہ جاپان کے کھلاڑی کائیٹو ٹاناکا نے کھیل کے چھٹے منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کرکے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا۔ جاپان کی جانب سے کھیل کے 17ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعہ دوسرا اور 28ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ تیسرا گول سکور کیا گیا
جبکہ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ سکور کیا۔ پاکستان کو تین پینلٹی کارنرز ملے جس میں سے ایک گول سکور کیا گیا جبکہ جاپان کو تین پینلٹی کارنر ملے جس میں سے دو پینلٹی کارنر پر گول سکور کرنے میں کامیاب رہا۔
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چائینہ، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔