سری لنکا کی انڈر19 کرکٹ ٹیم بارہ اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی.

 

 

 پی سی بی نے سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا۔

 

ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے گی

 

سری لنکا کی انڈر19 کرکٹ ٹیم بارہ اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی ۔

وہ اپنے اس دورے میں پاکستان انڈر 19 کے خلاف ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔

تمام چھ میچز15 سے31 اکتوبر تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

 

سری لنکن ٹیم کے دورے کا آغاز 15 اکتوبرکو چار روزہ میچ سے ہوگا جو صبح دس بجے شروع ہوا کرے گا۔

اس کے بعد 22 سے31 اکتوبر تک ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے میچز صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونگے۔

 

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے مقرر کیے گئے قواعد وضوابط کے تحت وہی کھلاڑی منتخب ہونگے جو یکم ستمبر 2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔

یہ پاکستان انڈر19 ٹیم کی اس سال دوسری دو طرفہ سیریز ہوگی۔اپریل میں پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا جس میں اس نے ایک چار روزہ ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے تھے اورتینوں فارمیٹس کی سیریز جیتی تھیں جس میں ون ڈے سیریز کی چار ایک کی جیت قابل ذکر تھی۔

گزشتہ نومبر میں بنگلہ دیش کی انڈر19 ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ایک چار روزہ ۔ تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز ملتان میں کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکن انڈر19 ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ یہ سیریز نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرے گی اور انہیں آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے مفید تجربہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری انڈر 19 ٹیم نے حال ہی میں بہترین پرفارمنس دی ہے اور یہ ہوم سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ کے وژن کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے اسٹارز کو ان کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے۔ امید ہے کہ یہ سیریز کھیل کی بہترین اسپرٹ کے ساتھ کھیلی جائے گی۔

 

دورے کا شیڈول اس طرح ہے۔

12 اکتوبر۔ سری لنکا انڈر19 ٹیم کی آمد۔
15 سے18 اکتوبر۔ چار روزہ میچ ۔
22 اکتوبر۔ پہلا ون ڈے ۔
24 اکتوبر۔ دوسرا ون ڈے ۔
27 اکتوبر۔ تیسرا ون ڈے ۔
29 اکتوبر۔ چوتھا ون ڈے ۔
31 اکتوبر۔ پانچواں ون ڈے ۔

سری لنکن انڈر19 ٹیم یکم نومبر کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

 

 

error: Content is protected !!