قومی کھیل کی ترویج اور ڈویلپمنٹ کےلیے لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی
خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی نے کام کا آغاز کردیا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون اور سویٹ ہوم کے اشتراک سے جناح سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں اکیڈمی کا پہلا ٹریننگ سیشن ہوا جس کے مہمان خصوصی سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان تھے.
ہاکی اولمپئن اور چیئرمین اکیڈمی خواجہ جنید تھے۔سابق انٹرنیشنل امپائر سہیل اکرم جنجوعہ کو اسلام آباد خواجہ جنید اکیڈمی کا ڈائریکٹر ٹریننگ آپریشن مقرر کیا گیا ہے۔
اکیڈمی میں آٹھ سال سے بارہ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہفتے میں دو روز کوچنگ دی جائے گی۔ ان کو مفت ہاکیاں اور کٹس کے ساتھ بلامعاوضہ کوچنگ فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر زمرد خان کا کہنا تھا کہ سویٹ ہومز میں زیر کفالت بچوں کو قومی کھیل کی طرف راغب کرنا بہت احسن اقدام ہے۔
یہ بچے پاکستان کے بچے ہیں اور ہم سب کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ۔خواجہ جنید اکیڈمی ہاکی کے ذریعے بچوں کو ہاکی سکھانے کے ساتھ ان کی تعلیم و تربیت پر بھی بہت توجہ دے رہی یے۔
یقین یے کہ سویٹ ہومز کے ان بچوں کو بھی ایک اچھا پلیئر بن کر ایک دن پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔ خواجہ جنید کے مطابق ہاکی کے ذریعے بچوں کی زندگیوں میں انقلاب لانا ہمارا مقصد ہے۔
لاہور کے بعد اب اسلام آباد کا رخ کیا ہے تاکہ یہاں کے بچوں کو بھی ہاکی کی طرف لاسکیں۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے بہت مشکور ہیں جنہوں نے حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی ہے۔
اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا یے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھی قومی کھیل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اگر ہر اولمپئن نیک نیتی کے ساتھ گراونڈ میں آکر بچوں کو ہاکی سکھائے تو وہ دن دور نہیں جب ایک بار پھر پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام پاسکتا ہے۔