نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
……اصغر علی مبارک …….
راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اوپنرز صائم ایوب اور بابر اعظم نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا اور بابر نے ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
صائم نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر ان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں مل کر اسکور کو 84 تک پہنچایا ہی تھا کہ بابر اعظم اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔
سنچری مکمل ہوتے ہی قومی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو نقصان ہوئے، پہلے 23 رنز بنانے والے رضوان ریٹائرڈ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے عثمان خان بھی چار رنز بنانے کے بعد پویلین سدھار گئے۔
104 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان کا ساتھ دینے عرفان خان نیازی آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 62 رنز کی ساجھے داری بنائی۔
شاداب خان نے 20 گیندو٘ پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 جبکہ عرفان نے 20 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے دو شکار کیے جبکہ جیکب ڈفی اور مائیکل بریسویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز ٹم رابنسن اور ٹم سیفرٹ نے 42 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد عباس آفریدی نے سیفرٹ کی 21 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
ٹم رابنسن بھی اس کے بعد زیادہ دیر کریز پر رک نہ پائے اور نسیم شاہ نے ان کی 28 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد ڈین فوکس کروفٹ اور مارک چیپمین نے میدان سنبھالا اور ٹیم کی فتح کی راہ ہموار کی، خصوصاً چیپمین نے انتہائی جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔
ڈین فوکس کروفٹ کی اننگز 31 کے انفرادی اسکور پر اختتام پذیر ہوئی لیکن مارک چیپمین 42 گیندوں میں 87 رنز کی شاندار بلے بازی کرکے ٹیم کی نیا پار لگا دی اور ناقابل شکست رہے۔
کیوی ٹیم نے 179 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
عمدہ بلے بازے پر مارک چیپمین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی اور محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد مہمان ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی تھی۔
میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، صائب ایوب، افتخار احمد، عرفان خان، عثمان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، ابرار احمد۔