جیسن گلیسپی ریڈ بال اور گیری کرسٹن وائٹ بال کے لیے پاکستان کے ہیڈ کوچ مقرر۔
اظہرمحمود تینوں فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ ، تینوں تقرریاں دو سال کے لیے کی گئی ہیں۔
گلیسپی اور گیری کرسٹن کا وسیع تجربہ پاکستان ٹیم کو بہترین رہنمائی فراہم کرے گا۔ محسن نقوی۔
پی سی بی کا شکریہ کہ انہوں نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کیا۔ جیسن گلیسپی۔
عالمی سطح پر پاکستان ایک بڑی ٹیم ہے اس کی کوچنگ اعزاز ہے۔ گیری کرسٹن۔
میرا مقصد کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ گیری کرسٹن۔
گیری کرسٹن انڈیا اور جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بناچکے ہیں۔
جیسن گلیسپی کی کوچنگ میں یارکشائر دو مرتبہ کاؤنٹی چیمپئن شپ جیت چکی ہے۔
لاہور 28 اپریل 2024:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج جیسن گلیسپی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ریڈ بال ہیڈ کوچ اور گیری کرسٹن کو وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اظہر محمود کو تینوں فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
تقرری کے عمل سے گزرتے ہوئے یہ تینوں تقرریاں دو سال کی مدت کے لیے کی گئی ہیں۔ گیری کرسٹن انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی اسائنمنٹ مکمل کرنے کے فوراً بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی ذمہ داریسنبھالیں گے
جس میں آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور دیگر دو طرفہ وائٹ بال سیریز شامل ہیں۔
گیری کرسٹن آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ
2025 اور 2026 میں انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان ٹیم کے انچارج ہوں گے۔
جیسن گلیسپی اگست میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں اپنی ذمہ داری کا آغاز کریں گے۔
جس کے بعد 2024-25کے سیزن میں انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں ہوم سیریز اور دسمبر میں جنوبی افریقہ کے دورے میں وہ ٹیم کے ساتھ ہونگے۔