وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائےکھیل اورامور نوجوانان سید فخر جہان نے خیبر پختونخوا انڈر 23 انٹر ریجنل گیمز کے انعقاد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا
قیوم سٹیڈیم پشاور میں ملاکنڈ اور پشاور کے درمیان ہونے والےٹیبل ٹینس کا فائنل میچ دیکھا جسے پشاور کی ٹیم نے جیتا۔اس طرح انھوں نے سٹیڈیم میں سکواش میچ کا نظارہ بھی کیا۔
مشیر کھیل نے اس موقع پر ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات بھی تقسیم کئے اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس عبدالناصر، ڈائریکٹر آپریشنز عزیز اللہ جان، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر میر بشر اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم صوبے کو کھیلوں کا مرکز بنا رہے ہیں۔مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے انٹرمدارس گیمز ہوئیں اور اب انڈر 23 گیمز کا سلسلہ جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگلے ماہ بین الصوبائی کھیلوں کی میزبانی کر رہے ہیں جن میں تمام صوبوں کی ٹیمیں مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔انھوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ دیگر اضلاع میں بھی کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
فخر جہان کا مزید کہنا تھا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے حوالے سے عوام کو بہت جلد خوشخبری سنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ 16 سال اور اس سے کم عمر کے تمام بہترین کھلاڑیوں کو اعزازیہ بھی دیں گے اور قومی و بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کیلئے سپانسرشپ بھی دیں گے۔