سری لنکا نے بھارت کو تیسرے ون ڈے میچ میں 110 رنز سے شکست دے کر 27 سال بعد سیریز جیت لی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 249 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.1 اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان روہت شرما 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، شبھمن گل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی بھی 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ رشبھ پنت کو تھکشانا نے نشانہ بنایا، شیریاس ایئر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اکشر پٹیل کو 2 رنز پر ویلا لاگے نے بولڈ کیا، ریان پراگ 15 رنز بنا سکے۔
شیوم دوبے 8 رنز بنا کر چلتے بنے، واشنگٹن سندر نے مزاحمت کی لیکن وہ بھی 30 رنز پر پویلین لوٹ گئے، کلدیپ یادیو کو بھی ویلا لاگے نے آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے ڈونیتھ ویلا لاگے نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جیعفری وینڈرسے اور مہیش تھکشانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے تھے، اویشکا فرننڈو نے 96 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی ان کی اننگ میں 9 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کوشال مینڈس 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ نسانکا نے 45 رنز بنائے تھے۔
بھارت کی جانب سے ریان پراگ نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں، محمد سراج اور اکشر پٹیل ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے۔