پاکستان فٹبال فیڈریشن اور فارورڈ سپورٹس و کیپیٹل سپورٹس کے مابین مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوگئے،
معاہدہ عالمی شناخت رکھنے والی سیالکوٹ میں فٹبال سازی کی صنعت کی پذیرائی کیلئے کیا گیا ہے،
ایم او یو کی تقریب فارورڈ سپورٹس ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس میں پی ایف ایف این سی کے چیئرمین ہارون ملک، فارورڈ سپورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ حسن مسعود اور ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ کیپیٹل سپورٹس حمدان نعمان یوشیدا نے شرکت کی۔
اس شراکت داری کے تحت لاہور میں پی اہف ایف ہیڈ کوارٹر میں نمائشی دیوار بناکر سیالکوٹ کے ورثہ کی عزت افزائی کی جائے گی، نمائشی دیوار کو جمالیات کے اعلیٰ معیار کے مطابق ڈیزائن کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا
کہ فٹبال کی عالمی صنعت میں سیالکوٹ کی اہمیت اور تاریخ کو اجاگر کیا جاسکے۔ اس موقع پر ہارون ملک نے کہا کہ فارورڈ سپورٹس اور کیپٹل سپورٹس جیسے انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ شراکت داری ہمارے لئے باعث فخر ہے،
سیالکوٹ کے اس ورثہ کی قدر کرتے ہیں، نمائشی دیوار عالمی پہچان رکھنے والی اس صنعت کیلئے ہمارے جذبات کی عکاسی کرے گی۔
فارورڈ سپورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ حسن مسعود نے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے فٹبال دنیا کے کونے کونے میں پہنچ چکے ہیں
اور پی ایف ایف کے ساتھ شراکت ان ہاتھوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک شاندار موقع ہے جن کی سخت محنت سے عالمی پہچان رکھنے والے یہ شاہکار تیار ہوتے ہیں، نمائشی دیوار سیالکوٹ کے کاریگروں کے جذبے اور مہارت کی بہترین عکاسی کرے گی۔