پشاور میں پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا،
کھلاڑی بڑی تعداد میں شرکت رہے،
تربیتی کیمپ کاافتتاح فیڈریشن کی نائب صدرڈاکٹرعاصمہ محمد۔نے کیا
پشاور: پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے ایک خصوصی تربیتی کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے۔
یہ کیمپ پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیا جا رہا ہے اور 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔ تربیتی کیمپ میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، جو اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا مظہر ہے۔
کیمپ کا باضابطہ افتتاح پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کی نائب صدر ڈاکٹر عاصمہ محمد نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مسعود آفریدی،
خیبرپختونخوا جوجیٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نعیم جان، آرچری کے کوالیفائڈ کوچ نواب علی اور مارشل آرٹس کوچ نوید بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصمہ محمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے کھیل کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی اتنی بڑی تعداد کی شرکت انتہائی خوش آئند ہے،
جو اس بات کا ثبوت ہے کہ گلوبل تائیکوانڈو میں ملک بھر کے کھلاڑیوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں اس کھیل کو فروغ دیا جائے گا
اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔
فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مسعود آفریدی نے بتایا کہ اس تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو کوالیفائڈ کوچز نئے قوانین کے تحت تربیت فراہم کریں گے اور یہ سلسلہ 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 ستمبر کو خیبرپختونخوا انٹر ڈویژن چیمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس سے مزید کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔