پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اپنے وطن واپس پہنچ گئی۔
ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے عہدیداران نے اپنی ٹیم کا شاندار استقبال کیا، ڈھاکا ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کو پھول پیش کیے گئے اور مٹھائی کھلائی گئی۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی اور ٹیم کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔ جیسے ہی وہ ائیرپورٹ پر اترے تو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔
دوسری طرف لاؤنج میں بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے کپتان کو ٹرافی سمیت دیکھا تو خوشی سے چیخنے، چلانے لگے اور نعرہ لگانے لگے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچز بنگلہ دیش نے جیت لیے۔
بنگلہ دیش کے لیے یہ ایک تاریخی فتح تھی کہ اس نے پاکستان کے خلاف پہلی بار سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم اس سیریز کے دوران کسی بھی شعبے میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔
جب کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم دونوں میچز میں کھیل پر حاوی دکھائی۔