کے پی ٹی 7 ویں نیشنل مینز سافٹ بال چیمپئین شپ کی افتتاح 23 اکتوبر کو ہو گا
ایونٹ میں آرمی، واپڈا، پولیس، کے پی کے، بلوچستان اور میزبان سندھ شامل ہے
کراچی۔ (سپورٹس لنک) سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام” کے پی ٹی 7 ویں نیشنل مینز سافٹ بال چیمپیئن شپ” 23 تا 25 اکتوبر تک کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی
سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کو چیمپئین شپ کی میزبانی دی گئی ہے ڈاکٹر فرحان عیسی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین، محمد ذیشان مرچنٹ سیکریٹری اور محمد ناصر ایونٹ ڈائریکٹر ہوں گے چیمپئین شپ میں پاکستان آرمی،
پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور میزبان سندھ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں کراچی پورٹ ٹرسٹ چیمپئین شپ کی ٹائٹل اسپانسرجبکہ اشتراک میں محکمہ کھیل حکومت سندھ، ڈاکٹر عیسی لیب اور کومبیکس اسپورٹس شامل ہیں
ایونٹ میں شریک ٹیموں کی مینیجرز میٹنگ 22 اکتوبر کو ہو گی ایونٹ کے انتظامات کوحتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی پیٹرن رونق لاکھانی نے کہا کہ مینز نیشنل چیمپیئن شپ کا انعقاد ملک میں سافٹ بال کے کھیل کو مزید فروغ اور ترقی میں بہت معاون ثابت ہوگا
اس نوعیت کے ایونٹس سے جہاں نئے ٹیلنٹ کی دریافت اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپورمواقع میسرآئیں گے وہیں ملکی سطح پر کھلاڑیوں کے مابین صحت مندانہ مقابلوں کا ماحول اور باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء میں اضافہ ہوگا
فیڈریشن کے صدر آصف عظیم کاکہنا تھا کہ قومی چیمپئین شپ کھلاڑیوں کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس میں وہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم کی نمائندگی کرسکتے ہیں
سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹرز کیجانب سے سافٹ بال کے کھیل کی سرپرستی خوش آئند ہے فیڈریشن ایونٹ کے ٹائٹل اسپانسر کے پی ٹی،محکمہ کھیل سندھ سمیت دیگر اداروں کے تعاون پر ان کی مشکور ہے
سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فرحان عیسی نے کہا کہ نیشنل مینز چیمپیئن شپ کے دوران کھلاڑیوں کو ایک مثالی ماحول فراہم کرناہماری اولین ترجیح ہے
بحیثیت میزبان ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ مذکورہ ایونٹ کو شاندار انداز میں آرگنائز کرایا جائے چیمپیئن شپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو رہائش،کھانے، سفری سہولیات سمیت کھیل کے میدان میں ایک مثالی ماحول فراہم کیا جائے گا تا کہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں