پاکستان میں گلوبل تائیکوانڈو کے فروغ کیلئے بہترین حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے،مسعودآفریدی
کھلاڑیوں کیلئے تربیتی کیمپ اورصوبائی چمپئن شپ کےبعداب نیشنل اورانٹرنیشنل ٹورنامنٹ کےانعقادکیلئے تیارکررہےہیں، میڈیا سےگفتگو
غنی الرحمن
پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور عالمی کھلاڑی مسعود آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گلوبل تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے ایک جامع حکمت عملی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
اس کے تحت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور ملک کے دیگر شہروں میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے
اور ساتھ ہی تکنیکی آفیشلز کورس کے ذریعے شرکاء کو گلوبل تائیکوانڈو کے نئے قوانین سے روشناس کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور میں جلد ہی نیشنل چیمپیئن شپ کے انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کی جا رہی ہیں۔
مسعودآفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اسپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، اور صوبائی محکمہ کھیل انہیں دیگر کھیلوں کی طرح سپورٹ فراہم کریں
تو گلوبل تائیکوانڈو کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نیک نامی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے مارشل آرٹس کا شوق تھا اور باڑہ خیبر کے کلبوں میں کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھ کر یہ شوق مزید بڑھ گیا۔
انہوں نے وہاں اورنگزیب اورجابر افریدی سے کیوکیشن کائی کراٹے کی تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں وہ پشاور آئے جہاں انہوں نے کک باکسنگ اور جوجیٹسو کی تربیت حاصل کی اور ضلعی اور صوبائی سطح پر مختلف مقابلوں میں میڈلز جیتے۔ نیشنل جوجٹسو ٹورنامنٹ میں انہوں نے سلور میڈل جیتا۔
مسعودآفریدی نے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں تائیکوانڈو کلب جوائن کیا جہاں پرکوچ نویدحبیبی کی نگرانی ٹریننگ لی اور کرغزستان میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئےمیڈل حاصل کیا
اوراس طرح انکے کھیل میں نکھارایا۔اوربعد ازاں روس میں گلوبل تائیکوانڈو کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مختلف ایونٹس میں چارگولڈ اورسلور سمیت دوبراؤنزمیڈلز جیتے۔
22 دسمبر 2023 کو انہیں پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا جبکہ نبیل آفریدی کو صدر بنایا گیا۔ تب سے پاکستان میں گلوبل تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے کام شروع کیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں سمیت خیبرپختونخوا کے ساتوں ڈویژن میں ٹریننگ کیمپ منعقد کیے گئے، جن میں مردوخواتین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس کے بعد پشاور میں انٹر ڈویژن چیمپیئن شپ منعقد کی گئی اور اب قبائلی اضلاع کی سطح پر ٹورنامنٹس کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مسعودآفریدی نے کہا کہ نیشنل گلوبل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کے علاوہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کرانے کا پروگرام بھی ہے، جس کے لیے ورلڈگلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انشاء اللہ جیسے ہی وہاں سے گرین سگنل ملے گا، تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔