کراچی نے انٹر ڈویژن سندھ بوائز ڈوج بال چیمپئن شپ جیت لی
فائنل میں بے نظیر آباد کو شکست،ممبر صوبائی اسمبلی راشد خان بھائی مہمان خصوصی تھے
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی نے انٹر ڈویژن سندھ بوائز ڈوج بال چیمپئن شپ جیت لی،پاکستان ڈوج بال فیڈریشن کے سیکریٹری امتیاز احمد شیخ کی ہدایات پر سندھ ڈوج بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور
حیدرآبادڈوج بال ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں شہید بے نظیر آباد کو دل چسپ مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ممبر صوبائی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور نوجوانان راشد خان بھائی مہمان خصوصی تھے
جنہوں نے انعامات تقسیم کئے اس موقع پرسعید عزیز بھائی،پاکستان پرائیویٹ اسکولز و کالجز ایسوسی ایشن حیدرآباد ریجن کے نائب صدر مرزا محمود بیگ،ڈائریکٹر بیورو آف کیروکلم میڈم نیر عارف،
ثاقب شیخ،سندھ اولمپک کمیٹی حیدرآباد کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری پرویز احمد شیخ،رمیز راجہ، آدم قریشی، کاشان احمد حان، شیراز شیخ، سطر شیخ،
عبد الحسیب قریشی،مس علیزہ،مس خنصہ مس زویا دایان، کامل محسن بھائی اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈگری کالج لطیف آباد حیدرآباد پر منعقدہ ایونٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی راشد خان بھائی کا کہنا تھا
کہ کھیل نوجوانوں کیلئے ضروری ہوتے ہیں جو کہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں اس طرح وہ ہزار اقسام کی برائیوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں، انہوں نے تمام ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی اور فاتح ٹیم کو مبارک باد پیش کی،
انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈوج بال کے کھلاڑیوں کیلئے گراؤنڈ فراہم جائیں تاکہ وہ اپنے کھیل میں مزید نکھار لا سکیں، سندھ میں ڈوج بال کھیل کے فروغ کیلئے سندھ ڈوج بال کو فنڈز اور
سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ڈسٹرکٹ کے اسپورٹس آفیسرز کو علاقائی ڈوج بال ایسوسی ایشن سے ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے کہا جائے اسی طرح یہ کھیل فروغ پائیگا۔
سندھ اولمپک کمیٹی حیدرآباد کے ایسوسی ایٹ جنرل سیکریٹری پرویز احمد شیخ نے سندھ ڈوج بال حیدرآباد کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ سندھ اولمپک کمیٹی ہر وقت اور ہر سطح پر تعاون کریگی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔
مرزا محمود بیگ نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ وہ اپنے اسکول سمیت تمام ممبر اسکولز کو اس کھیل کی طرف لائینگے تاکہ نیا ٹیلنٹ دریافت ہو سکے۔
ڈائریکٹر بیورو آف کیروکلم میڈم نیر عارف نے کہا کہ میں یہ کھیل پہلی بار دیکھ رہی ہوں اور بہت متاثر ہوں، مسز ارم نے مجھے یہاں بلواکر ایک نئے کھیل سے متعارف کروایا ہے،ثاقب شیخ کا کہنا تھا اس کھیل کی تیز رفتاری نے مجھے حیران کر دیا ہے،
یہ ایک ایسا کھیل ہے جس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے مسز ارم کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیاکہ آئندہ ٹیموں کے قیام کیلئے میرا ہوٹل ان گیسٹ ہاؤس حاضر ہے،ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
سندھ ڈوج بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عابد نعیم اور سلیم غوری نے مہمان خصوصی راشد خان بھائی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا اور اس نئے کھیل کے بارے میں آگاہی دی
اور انہیں سندھ ڈوج بال ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔بعد ازاں انہوں نے ایونٹ کی فاتح ٹیم کراچی،رنر اپ شہید بے نظیر آباد، اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی حیدرآباد کی ٹیم کو ٹرافیاں دیں اور تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔