پاکستان شاہینز کی پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست
(اصغر علی مبارک)
راولپنڈی میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو پہلے چار روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ 18 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کے آخری دن کھیل کی خاص بات محمد سلیمان اور علی زریاب کی سنچری پارٹنرشپ تھی۔
پاکستان شاہینز کو جیتنے کے لیے 222 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان شاہینز کی دو وکٹیں صرف 32 رنز پر گرگئی تھیں جب کپتان محمد ہریرہ 9 اور عبدالفصیح 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے
اس کے بعد محمد سلیمان اور علی زریاب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 158 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد سلیمان 11چوکوں کی مدد سے 86 رنز بناکر ونوجا ساہن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
محمد سلیمان اس سیزن میں حیدرآباد کی طرف سے قائداعظم ٹرافی میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 288 رنز بناچکے ہیں۔
علی زریاب نے پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے کے بعد اس مرتبہ 83 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے۔ حیدرعلی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا اے اپنے گزشتہ روز کے اسکور 364 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئی۔ دنوشا 62 رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہوئے جنہوں نے اننگز میں70 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر9 وکٹیں 132 رنز کے عوض حاصل کیں۔