انعام اللہ خیبرپختونخوا کے پہلے گلوبل تائیکوانڈو بلیک بیلٹ کھلاڑی بن گئے
انعام اللہ کی لگن اور سخت محنت نے خیبرپختونخوا کا سر فخر سے بلند کردیا،مسعودافریدی
اسلام آباد : نوازگوھر
خیبرپختونخوا کے نوجوان کھلاڑی انعام اللہ نے پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے تحت بلیک بیلٹ حاصل کرکے ملک کا پہلا بلیک بیلٹ کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مسعود افریدی نے ایک پروقار تقریب میں انعام اللہ کو بلیک بیلٹ اور لائسنس کارڈ سے نوازا۔ یہ تقریب حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئی، جہاں عمران اللہ کی محنت اور لگن کا اعتراف کیا گیا۔
تقریب کے دوران مسعود افریدی نے انعام اللہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی ہیں، جنہوں نے کم وقت میں اپنی پہچان بنائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیلٹ پروموشن ٹیسٹ میں انعام اللہ نے جس شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ گلوبل تائیکوانڈو کے ٹیسٹ کا معیار نہایت سخت ہوتا ہے، لیکن انعام اللہ نے اس مرحلے کو کامیابی سے عبور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انعام اللہ نے بتایا کہ ابتداء میں انہیں کرکٹ اور والی بال سے بہت لگاؤ تھا، لیکن ضلع خیبر میں اپنے علاقے کے مارشل آرٹس کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس دیکھ کر انہوں نے اس میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔
کیوکشن کائی کراٹے میں مہارت حاصل کرنے کے بعد جب گلوبل تائیکوانڈو پاکستان میں متعارف ہوا، تو انہوں نے اس کھیل کی تربیت شروع کی۔
حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور کوالیفائیڈ کوچ مسعود افریدی کی زیر نگرانی انہوں نے اپنی مہارت کو نکھارا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اللہ کا کرم اور ان کے کوچ کی رہنمائی ہے کہ آج وہ پاکستان کے پہلے گلوبل تائیکوانڈو بلیک بیلٹ کھلاڑی بن گئے ہیں۔