بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : نورپور لائنز نے لیک سٹی پینتھرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
شاہد عزیز کی عمدہ بولنگ ، 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں
———————
راولپنڈی 11 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے چھٹے میچ میں نورپور لائنز نے شاہد عزیز کی چار وکٹوں کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں لیک سٹی پینتھرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ نورپور لائنز کی دو میچوں میں شکست کے بعد پہلی کامیابی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں نور پور لائنز نے ٹاس جیت کر لیک سٹی پینتھرز کو بیٹنگ دی جو 19.2 اوورز میں 123 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
نور پور لائنز نے 14.3اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ شاہد عزیز پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
پینتھرز کی اننگز میں شرجیل خان کے صرف 5 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عمرصدیق اور حیدرعلی اسکور میں 45 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوسکے لیکن بڑی اننگز اور بڑی پارٹنرشپ نہ ہونے کے سبب پینتھرز کے لیے بڑا اسکور کرنا ممکن نہ ہوسکا۔
عمرصدیق 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حیدرعلی نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے26 رنز اسکور کیے۔
دانش عزیز نے 34 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان شاداب خان صرف 8 مبصرخان ایک عماد بٹ 3 اور اسامہ میر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دائیں ہاتھ کے 21 سالہ تیز بولر شاہد عزیز نے20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خوشدل شاہ نے 26 اور موسٰی خان نے 32 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حسن نواز اور کپتان امام الحق نے لائنز کو 79 رنز کا ُپراعتماد آغاز فراہم کردیا۔ حسن نواز نے 4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ امام الحق نے 5 چوکوں کی مدد سے 45رنز بنائے۔
شاہ زیب خان 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جمعرات کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ اے بی ایل اسٹالیئنز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں نورپور لائنز اور اینگرو ڈولفنز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔