انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی۔
ویب ڈیسک: آئی سی سی کی تازہ ون ڈے اور ٹیسٹ رینکنگ میں کئی کھلاڑیوں کی پوزیشنز تبدیل ہوگئی ہیں۔ ون ڈے بیٹرز میں بھارت کے شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم دو درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے بین ڈکٹ اور ہیری بروک چھ، چھ درجے ترقی کے بعد بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے شاداب خان 32 درجے بہتری کے بعد 92ویں نمبر پر آگئے۔
ون ڈے بولرز میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے اور پاکستان کے ابرار احمد تیسرے نمبر پر ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے، جبکہ حارث رؤف نو درجے تنزلی کے بعد 29ویں نمبر پر چلے گئے۔
ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی سرفہرست ہیں، جبکہ محمد نبی پانچ درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹی 20 رینکنگ
آئی سی سی ٹی 20 بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما نمبر ون بیٹر بن گئے۔ ابھیشک شرما نے ہم وطن ایشان کشن سے پہلی پوزیشن چھینی۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ ٹی 20 باولرز رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
پاکستان کے ابراراحمد چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ٹی 20 آل راونڈرز رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ افغانستان کے راشد خان 7 درجہ بہتری کے بعد 9 ویں نمبر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ
آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن بولرز اور آل راؤنڈرز دونوں کی فہرستوں میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد مار یانسن بولرز رینکنگ میں پانچ درجے ترقی کرکے سرفہرست پہنچے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک دوسرے نمبر پر چلے گئے، جبکہ اسکاٹ بولینڈ تین درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے ہیری بروک کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کے ٹیمبا باووما چار درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تین درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں مارکو یانسن پہلے اور بھارت کے رویندرا جڈیجا دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر 15 درجے ترقی کے بعد آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔