ٹٰینس

جے 30 سبھِ نو ٹینس چیمپئن شپ: 8 پاکستانی کھلاڑیوں کی پہلے روز شاندار کارکردگی

آٹھ پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، جے 30 سبھِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے پہلے روز اپنے اپنے گروپس میں کامیابی حاصل کرلی

اسلام آباد: جے 30 سبھِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 کے افتتاحی روز آٹھ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے میچز جیت لیے اور راؤنڈ رابن کے پہلے مرحلے میں اپنے گروپس میں برتری حاصل کرلی۔

کامیابی حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں حمزہ رومان، احتشام ہمایوں، ذوہیب افضل ملک، عبدالباسط، ریان خان، عامر مزاری، ایم حسن عثمانی اور ایم حذیق عاصم شامل ہیں، جنہوں نے بہترین کھیل، عزم اور بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو شکست دی۔

جے 30 سبھِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا آغاز آج پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو، اسلام آباد میں ہوا، جس میں 16 ممالک کے 55 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 33 بوائز اور 22 گرلز شامل ہیں۔

چیمپئن شپ میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح سبھِ نو کی چیئرپرسن محترمہ شاہدہ کوثر فاروق اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر دونوں معزز مہمانوں نے شریک کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یہ بین الاقوامی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ سبھِ نو، پارک ویو سٹی، دیوان سیمنٹ اور بینک الفلاح کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جن کی معاونت اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

بوائز سنگلز، راؤنڈ رابن پہلے راؤنڈ کے نتائج:

فاسین سنچالون (تھائی لینڈ) نے عمر جواد علی ملک (پاکستان) کو 6-0، 6-1 سے ہرایا۔ تھیراپٹ سمریتوانیچا (تھائی لینڈ) نے ابدار علی (پاکستان) کو 6-1، 6-3 سے شکست دی۔ حمزہ رومان (پاکستان) نے پٹینن جترونروج (تھائی لینڈ) کو 6-1، 6-1 سے ہرایا۔

ذوہیب افضل ملک (پاکستان) نے انعام قادر (پاکستان) کو 6-1، 6-1 سے شکست دی۔ عبدالباسط (پاکستان) نے جین ڈی سارم (سری لنکا) کو 6-3، 6-2 سے ہرایا۔ 

شان لاؤامورنپانیچ (تھائی لینڈ) نے محمد شیان (پاکستان) کو 7-5، 6-1 سے شکست دی۔ احتشام ہمایوں (پاکستان) نے محمد یحییٰ (پاکستان) کو 6-3، 6-3 سے ہرایا۔

ریان خان (پاکستان) نے میراس ایداربیک (قازقستان) کو 6-0، 6-2 سے شکست دی۔ جیکب لیش (جرمنی) نے ارحم طارق (پاکستان) کو 6-4، 6-3 سے ہرایا۔ ایم حسن عثمانی (پاکستان) نے سوچھیرو ایشیدا (جاپان) کو 6-1، 7-5 سے شکست دی۔

عامر مزاری (پاکستان) نے برینن این جی (سنگاپور) کو 6-0، 4-6 (10-5) سے ہرایا۔ ایم حذیق عاصم (پاکستان) نے سنزہر بولات (قازقستان) کو 6-1، 6-0 سے شکست دی۔ 

ریحان گنوردھنا (سری لنکا) نے محمد معاذ (پاکستان) کو 6-0، 6-0 سے ہرایا۔ اہیل کلیل (پاکستان) نے ایم احمد افضل (پاکستان) کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔

گرلز سنگلز، پہلے راؤنڈ کے نتائج: 

ماریہ مارکویچ (روس) نے علیزے مریم (پاکستان) کو 6-2، 6-1 سے شکست دی۔ شوان یی وی (چین) نے خدیجہ خلیل (پاکستان) کو 6-1، 6-1 سے ہرایا۔

Related Articles


Back to top button