کرکٹ

قومی انڈر 19 کپ: لاہور وائٹس کی شاندار فتح، کوارٹر فائنل میں رسائی

قومی انڈر 19 کپ: لاہور وائٹس کی شاندار فتح، کوارٹر فائنل میں رسائی

سیالکوٹ: (رپورٹ: عابد حسین) قومی انڈر 19 کپ میں لاہور وائٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ ریجن کو 152 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے، جس کے جواب میں کوئٹہ ریجن کی پوری ٹیم 161 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور وائٹس کی جانب سے عالیان سلمان نے ناقابلِ شکست 158 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی عمدہ بیٹنگ نے لاہور وائٹس کو ایک مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں مدد دی۔ علی احمد نے 40 جبکہ حسنین عباس ڈار نے 39 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ کوئٹہ ریجن کی جانب سے آفتاب لیاقت نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ ریجن کی بیٹنگ لائن لاہور وائٹس کے بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 161 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ عبدالمتین 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے عالیان سلمان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تاج محمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عالیان سلمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کی ناقابلِ شکست سنچری اور چار وکٹوں پر مشتمل آل راؤنڈ پرفارمنس لاہور وائٹس کی فیصلہ کن فتح کا نمایاں پہلو رہی۔ میچ کے اختتام پر لاہور وائٹس کے ہیڈ کوچ عرفان فاضل اور منیجر مرزا عظمت بیگ نے صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی جانب سے عالیان سلمان کو کیش پرائز پیش کیا۔ یہ اقدام نوجوان کھلاڑی کی شاندار کارکردگی کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ہے۔ صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور وائٹس کو کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ، منیجر اور معاون اسٹاف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالیان سلمان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ مرحلے میں بھی اسی عزم، محنت اور ٹیم ورک کے ساتھ میدان میں اترے گی اور لاہور ریجن کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

Related Articles


Back to top button