کرکٹ
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل مکمل
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل مکمل
تجربہ کار منتظمین کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، تنظیمی ڈھانچہ مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کرلی ہے۔ سیکرٹری لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن محمد جمیل احمد نے صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بعد کمیٹیوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔ ٹورنامنٹ کمیٹی میں وقار المنیر، نصیر شہزاد، صہیب ایوبی، اویس سرور اور احمد نسیم شامل ہیں۔ گراؤنڈ کمیٹی کی سربراہی میاں محمد مبین کریں گے جبکہ ملک محمد ریاض اور آفتاب انور اس کے اراکین ہوں گے۔ ڈسپلنری کمیٹی میں شاہد حامد بٹ، عبدالماجد خان، اعجاز شاہ اور قدیر خان، جبکہ سلیکشن کمیٹی میں سید عبدالرشید، چودھری شفقت حسین، محمد منیر، محمد یوسف اور اکمل شاہ شامل ہیں۔ فنانس کمیٹی کی ذمہ داریاں عامر ابراہیم، خرم شہزاد، انجم حفیظ، عمران اشرف اور عابد حسین کو سونپی گئی ہیں۔ صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد نے تمام کمیٹیوں کے اراکین کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹیوں کی تشکیل کا مقصد مختلف شعبہ جات میں کام کو مزید منظم، مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمیٹیوں میں تجربہ کار اور فعال کرکٹ منتظمین کو شامل کیا گیا ہے، جن کی صلاحیتوں اور تجربے سے ریجنل کرکٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن جمہوری اقدار، مشاورت اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارا مقصد ایسا مضبوط اور مربوط نظام تشکیل دینا ہے جس میں ذمہ داریاں میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر تفویض ہوں اور اس کے ثمرات کلب کرکٹ اور کھلاڑیوں تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی کمیٹیوں کے فعال ہونے سے ٹورنامنٹس کے انعقاد، گراؤنڈز کے انتظام، نظم و ضبط، کھلاڑیوں کے انتخاب اور مالی امور سمیت اہم شعبوں میں کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ لاہور ریجن کو پاکستان بھر میں ایک مثالی کرکٹ ریجن بنانے کے لیے تمام دستیاب صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لایا جائے گا۔