کرکٹ

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹيڈيم ميں جاری نيشنل ٹی ٹونٹی کپکے پانچویں ميچ ميں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سےباآسانی شکست دےدی۔ خیبرپختونخوا نے 153 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

خیبرپختونخوا کے اوپنرز محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیاتاہم بائیں ہاتھ کے اوپنر5 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعدمحمد رضوان نے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 66 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

ایک سو اسی کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد حفیظ میچ میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ وہ 25 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان محمد رضوان نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ افتخار احمد 16 گیندوں پر 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلوچستان کے عماد بٹ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

https://youtu.be/vtjxG_1uoD4

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین عمران بٹ کے علاوہ ان کا کوئی بھی بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی کی تیزرفتار باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز ہی بناسکی۔ عمران بٹ 37 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والےخیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا انہوں نےبلوچستان کے خلاف میچ میں نپی تلی باؤلنگ کرنے کی کوشش کی، جس کا صلہ مین آف دی میچ کی صورت میں ملا۔ وہ پرامید ہیں خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Related Articles


Back to top button