پولو میں پاکستان کی دھوم، روایتی حریف بھارت کو 7-4 سے پچھاڑ دیا
پولو میں پاکستان کی دھوم، روایتی حریف بھارت کو 7-4 سے پچھاڑ دیا
پاکستانی پولو ٹیم نے عالمی سطح پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈکپ کوالیفائر کے میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے دی۔
شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پولو ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 7-4 سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں قومی کھلاڑیوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔
پہلے ہاف میں پاکستان کو 2 گول کی برتری حاصل تھی جسے دوسرے ہاف میں مزید مستحکم کیا گیا۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے شاندار ٹیم ورک اور برق رفتار گھوڑ سواری نے شائقین کے دل جیت لیے۔
بھارتی ٹیم نے کم بیک کی بھرپور کوشش کی مگر پاکستانی دفاعی حصار کو توڑنے میں ناکام رہی۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔
پاکستان نے کوالیفائر ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں ایران کو بھی شکست دی تھی۔ بھارت کے خلاف دوسری کامیابی کے ساتھ پاکستان نے پلے آف مرحلے میں مسلسل دو میچز جیت لیے ہیں، جس سے ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے امکانات بہتر ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم اب ایونٹ میں اپنا آخری میچ اتوار کو میزبان ملک نائیجیریا کے خلاف کھیلے گی۔ اس مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی ورلڈکپ تک رسائی کے حوالے سے اہم ہوگی۔ مسلسل دو فتوحات کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور شائقین کو ایک اور کامیابی کی امید ہے۔
بھارت کے خلاف یہ فتح پاکستان کے لیے نہ صرف ایک اہم کھیلوں کی کامیابی ہے بلکہ عالمی پولو مقابلے میں آگے بڑھنے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔