ایشیا کپ، بھارت چھٹی بار چیمپئن،بنگلہ دیش کی جیت کا خواب چکناچور


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)دبئی میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دیکر چھٹی بار یہ اعزاز اپنے نام کرلیا جبکہ بنگلہ دیش ٹیم کا ایشیا کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان فائنل میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، سنسنی خیز فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے بھارتی اور بنگلہ دیشی شائقین سے کرکٹ سٹیڈیم بھرا ہوا تھا،تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی جانب سے دیے گئے 223 رنز کا ہدف بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر ہدف حاصل کیا اور ساتویں مرتبہ ایشیا کا چیمپئن بن گیا۔بھارت کی جانب سے روہت شرما 48، دنیش کارتک 37 اور ایم ایس دھونی 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لٹن داس اور مہدی حسن مرزا نے اننگز کا آغاز کیا۔بنگلا دیشی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 120 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور مہدی حسن مرزا 32 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا لیکن دوسری جانب لٹن داس ذمہ دارانہ طریقے سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے گئے اور انہوں نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 33 رنز اسکور کیے جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 222 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 اور کیدار جادھو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک وکٹ جسپریت بھمراہ اور چاہل کے حصے میں آئی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں مسلسل دوسری مرتبہ ایشیا کپ فائنل میں مدمقابل ہیں، 2016 کے فائنل میں بھارت نے باآسانی بنگال ٹائیگرز کو شکست دی تھی۔

error: Content is protected !!