رکی پونٹنگ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل


میلبورن (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق آسٹریلوی کپتان اور مایہ ناز بلے باز رکی پونٹنگ کو باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا، وہ یہ اعزاز پانے والے 25ویں آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، بدھ کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز چائے کے وقفے پر پونٹنگ نے آئی سی سی ہال آف فیمر اور سابق ہم وطن کھلاڑی گلین میگراتھ سے کیپ وصول کی۔آئی سی سی نے رواں سال ڈبلن میں سالانہ کانفرنس کے دوران پونٹنگ، راہول ڈریوڈ اور انگلینڈ ویمن ٹیم کی وکٹ کیپر کلیری ٹیلر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن پونٹنگ اس تقریب میں موجود نہیں تھے لیکن اب انہیں باضابطہ طور پر کیپ سونپ دی گئی ہے۔پونٹنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے اور میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، مجھے آج معلوم ہوا ہے کہ میں اس فہرست میں شامل ہونے والا پچیسواں آسٹریلوی کھلاڑی ہوں اور بلاشبہ یہ میرے لئے یادگار دن ہے۔پونٹنگ تین مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہے اور دو بار آسٹریلوی ٹیم کو ان کی زیر قیادت عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ 44 سالہ پونٹنگ نے 2012ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور انہوں نے 168 ٹیسٹ میچز میں 41 سنچریوں کی مدد سے 13378 رنز بنائے، 375 ون ڈے میچز میں 30 سنچریوں کی مدد سے 13704 رنز بنائے اور 17 ٹی ٹونٹی میچز میں 401 سکورز کئے جس میں ان کی دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

error: Content is protected !!