
ملکی ایونٹس میں میڈلز جیتنے والے مپیکو کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کھلاڑی ادارے کا سرمایہ ہیں :
انجینئر خالد محمود صدر میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن و جی ایم آپریشن کا تقریب سے خطاب .
پروموشن کی نوید سنا دی
ملتان ( اظہار عباسی سے)
صدر میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن /جنرل منیجر آپریشن انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ محنت کبھی رائگاں نہیں جاتی۔ اپنی کارکردگی سے میڈلز جیتنے والے کھلاڑی ادارے کا سرمایہ ہیں جنہوں نے نہ صرف میپکو بلکہ پاکستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہی ہے بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سال2024-25ء کے دوران گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیم اسناد اور انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ملائیشیاء (کوالالمپور) میں منعقدہ نیشنز ہاکی کپ میں میپکو کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی سے قومی ہاکی ٹیم نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا
اور اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا جسے میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عامرضیاء، بورڈ ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو/پیٹرن انچیف میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن انجینئر گُل محمد زاہد نے کمپنی کے لئے اعزاز قراردیا
اور کھیلوں کو مزید اجاگر کرنے کے لئے ہدایات بھی دیں۔صدر میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن نے میڈلز جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو ادارے کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ میپکو انتظامیہ نے نئی پروموشن پالیسی منظوری کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھجوادی ہے جسکی منظوری ملتے ہی کھلاڑیوں کو ایس او پیز کے ساتھ پروموٹ کیاجائیگا
جبکہ انکریمنٹس/اپ گریڈیشن کے کیسز بھی تیار کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کروائی کہ کھلاڑیوں کوسہولیات کی فراہمی اور دیگر ضروری اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
سیکرٹری میپکوسپورٹس ایسوسی ایشن حیدر عثمان اٹھنگل نے بتایاکہ سال 2024-25ء میں 19کھلاڑیوں نے سونے،
چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے ان میں چوتھی قومی وویمن رگبی چیمپئن شپ میں میپکو کی کھلاڑیوں مہلم، مزمل الیاس، سمیرا کوثر اور وجیہہ کریم نے 4گولڈمیڈلز جیتے اور کمپنی کا نام روشن کیا۔
رگبی چیمپئن شپ میں اسسٹنٹ منیجر کے فرائض سپورٹس آفیسر میپکو /گولڈ میڈلسٹ رضیہ سلطانہ نے سرانجام دئیے۔ 25ویں رگبی مینز قومی چیمپئن شپ میں میپکو کے کھلاڑیوں وسیم عباس اور ایوب ظفر نے گولڈ میڈلزاپنے نام کئے۔
نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں غزالہ رمضان اور محمد عرفان نے گولڈ میڈلز، نیشنل چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں عدنان سعید، شہزاد محمود اور محمد بوٹا نے گولڈ میڈلز،
قومی مینز سافٹ بال چیمپئن شپ میں بیس بال کھلاڑیوں صدام حسین اور سعود خان نے سلور میڈلز، قومی تیکوانڈو چیمپئن شپ میں عمیر سلیم اور سمیرا فیاض نے 2،2سلور میڈلز جیت کر کمپنی کا نام روشن کیا۔
تقریب کے اختتام پر میپکوسپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو انعامات اور اسناد بھی پیش کی گئیں اور انہیں بھرپور حوصلہ افزائی فراہم کی گئی۔
کھلاڑیوں نے ادارے کی جانب سے اس عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا اور عزم کیا کہ وہ آئندہ بھی مزید محنت سے ملک و قوم اور میپکو کا نام روشن کرتے رہیں گے۔



