
ٹی ٹوئنٹی میں جیسن ہولڈر نے راشد خان کا سات سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے افغانستان کے راشد خان کا سات سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے رواں سال کیلنڈر ایئر میں مجموعی طور پر 97 وکٹیں حاصل کیں، جو اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کی ایک سال میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ راشد خان کے پاس تھا، جنہوں نے 2018 میں 96 وکٹیں لے کر یہ سنگ میل طے کیا تھا۔ جیسن ہولڈر کی شاندار کارکردگی نے انہیں عالمی ٹی ٹوئنٹی بولنگ فہرست میں ایک نمایاں مقام دلا دیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے دیگر نامور بولر ڈی جے براوو نے 2016 میں 87 وکٹیں لے کر اس ریکارڈ کی تاریخ میں اپنی جگہ بنائی تھی اور وہ مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
افغانستان کے نوجوان اسپنر نور احمد نے رواں سال 86 وکٹیں لے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ راشد خان گزشتہ برس 2022 میں 81 وکٹوں اور 2017 میں 80 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود رہے۔
جیسن ہولڈر کی یہ شاندار بولنگ کارکردگی عالمی کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی اور انہیں ٹی ٹوئنٹی بولنگ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل کر دیا ہے۔



